حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے تاریخی مینارِ پاکستان پر "شہید امت" کے عنوان سے منعقدہ عظیم الشان عوامی اجتماع کا اہتمام پاکستان کی شیعہ تنظیموں اور مذہبی حلقوں کی جانب سے کیا گیا ہے، جس میں ملک بھر سے لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

منتظمین کے مطابق پاکستان کے مختلف شہروں اور علاقوں سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری تھا، جبکہ اجتماع کے آغاز سے قبل ہی شرکاء کی بڑی تعداد پنڈال اور اطراف کے علاقوں میں پہنچ چکی تھی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملک کے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے بھی ہزاروں افراد نے اس اجتماع میں شرکت کے لیے لاہور کا رخ کیا۔

منتظمین کے مطابق، تقریب میں شہید رہبر کی سیاسی، دینی اور فکری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز، علاقائی صورتحال اور اسلامی دنیا کے مستقبل سے متعلق مختلف موضوعات پر بھی اظہارِ خیال کیا۔

اجتماع سے خطاب کرنے والوں میں سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹر حجۃ الاسلام والمسلمین ناصر عباس جعفری، جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید جواد نقوی، جماعتِ اسلامی پاکستان کے سابق امیر سراج الحق، سابق وفاقی وزیر اور حکمران جماعت کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق سمیت شیعہ اور سنی مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی متعدد مذہبی و سیاسی شخصیات شامل تھیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اجتماع کے دوران قومی یکجہتی، بین المسالک ہم آہنگی اور امتِ مسلمہ کے مشترکہ مسائل کے حوالے سے اہم پیغامات بھی دیے جائیں گے، جبکہ تقریب کے اختتام پر ایک متفقہ اعلامیہ جاری کیا۔

واضح رہے یہ عظیم الشان اجتماع پاکستان میں حالیہ برسوں کے بڑے عوامی مذہبی و سیاسی اجتماعات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے، جس میں مختلف مکاتبِ فکر اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی شرکت خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔
رہبر شہید نے ظلم کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے کا راستہ دکھایا، پاکستانی رکن اسمبلی
اجتماع "شہیدِ امت" سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید نے کہا کہ ہم حق، انصاف اور مزاحمت کے پیروکار ہیں اور ظلم و جبر کے سامنے سر جھکانا ہمارے نظریے کا حصہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے رہبر شہید نے اپنی جدوجہد، استقامت اور قیادت کے ذریعے دنیا کو یہ دکھایا کہ ظالم اور استکباری قوتوں کے مقابلے میں کس طرح ثابت قدمی کے ساتھ کھڑا ہوا جاتا ہے۔

انجینئر حمید نے کہا کہ رہبر شہید نے استعماری طاقتوں کو للکارا اور اپنے عزم، بصیرت اور مزاحمتی فکر کے ذریعے انہیں عبرت کا نشان بنا دیا۔ ان کی جدوجہد آزادی، خودمختاری اور حق کے دفاع کی ایک روشن مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی ظلم، جبر اور استکبار کے خلاف مزاحمت کا پیغام زندہ ہے اور حق کے حامیوں کو اسی جذبے کے ساتھ میدان میں موجود رہنا چاہیے۔
آج کربلا کے وارث رہبرِ معظم انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای ہیں، علامہ اقبال بہشتی
اجتماعِ "شہید امت" سے خطاب کرتے ہوئے مکتبِ اہلبیت پاکستان کے صدر علامہ اقبال بہشتی نے کہا کہ آج کربلا کے پیغام اور حسینی مکتب کے حقیقی وارث رہبرِ معظم انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای ہیں، جو استقامت، مزاحمت اور حق کے دفاع کے علمبردار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "فتحِ مبین" نے دنیا کی آنکھیں کھول دی ہیں اور دنیا بھر میں لوگ تیزی سے حق کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت نے آزادی، حریت اور ظلم کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کے لیے ایک واضح پیغام اور عملی نمونہ فراہم کیا ہے۔

علامہ اقبال نے کہا کہ موجودہ دور میں امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ حسین وقت اور یزید وقت کو پہچانے اور حق و باطل کے درمیان واضح امتیاز قائم رکھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی قوتیں مسلسل سازشوں میں مصروف ہیں، اس لیے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ ان سازشوں کی نوعیت اور مقاصد کو سمجھیں، بیداری کا مظاہرہ کریں اور امتِ مسلمہ کے مشترکہ مفادات اور مقدسات کے دفاع کے لیے متحد رہیں۔
امام خمینیؒ اور رہبرِ شہید کا شعار "اللہ اکبر" تھا، علامہ سید ہاشم موسوی
امام جمعہ کوئٹہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید ہاشم موسوی نے اجتماعِ "شہیدِ امت" سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینیؒ اور رہبر شہید کا بنیادی شعار "اللہ اکبر" تھا، اور انہوں نے اسی عظیم پیغام کی بنیاد پر قدس شریف کی آزادی کے لیے جدوجہد کی اور اس راہ میں بے مثال قربانیاں پیش کیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی ایران کے عوام "اللہ اکبر" کے نعرے کے ساتھ ظالم اور جابر قوتوں کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اپنے اصولی موقف پر ثابت قدم ہیں۔

علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ "اللہ اکبر" کا پیغام یہ ہے کہ حقیقی طاقت صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے اور دنیا کی تمام ظاہری قوتیں اسی کے سامنے ہیچ ہیں۔ ان کے بقول یہ نعرہ محض ایک شعار نہیں بلکہ آزادی، عزت، خودداری اور ظلم کے خلاف مزاحمت کا عملی منشور ہے۔
شہیدِ امت کانفرنس میں مختلف معلوماتی و عوامی خدمات کے اسٹالز قائم

مینار پاکستان پر منعقدہ شہید امت کانفرنس کے موقع پر شرکاء کی رہنمائی اور سہولت کے لیے مختلف معلوماتی، تعلیمی اور عوامی خدمات کے اسٹالز قائم کیے گئے تھے۔
استکبار اور استعمار کے مقابلے میں ہم متحد ہیں اور ڈٹ کر کھڑے ہیں، علامہ امین شہیدی
مینار پاکستان میں منعقدہ اجتماع "شہید امت" سے خطاب کرتے ہوئے امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ اس عظیم اجتماع کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ طاغوتی طاقتوں، عالمی استکبار اور استعماری نظام کے مقابلے میں امت مسلمہ متحد ہے اور ثابت قدمی کے ساتھ میدان میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے عوام کی بھرپور شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مسلمان ظلم، جارحیت اور سامراجی پالیسیوں کے خلاف ایک مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔









آپ کا تبصرہ